سبسڈی والے گیس سلنڈر کی قیمت میں 2 روپے کا اضافہ ، جیٹ ایندھن 7.3فیصد مہنگا ہوا
نئی دہلی، یکم نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )ایک طرف ملک کی توجہ یونیفارم سول کوڈ،طلاق ثلاثہ اوراب انکاؤنٹرپرمرکوزکردی گئی ہے اورمیڈیامیں صرف ان پرہی بحث ہورہی ہے ،ادھرمہنگائی بڑھانے کاسلسلہ بھی جاری ہے ۔مہنگائی اوربے روزگاری سمیت ملک کے بنیادی مسائل سے چسم پوشی کرکے ذرائع ابلاغ کی توانائی دوسری چیزوں پرصرف ہورہی ہے جبکہ ان ہی ہنگاموں کے درمیان کبھی پٹرول ڈیژل کے دام بڑھاکراورکبھی گیس سلینڈرپرمہنگائی کی مارمارکر عوام کی جیب ڈھیلی کی جاتی رہی ہے ۔حکومت نے سبسڈی والے رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت آج دو روپے بڑھا دی ہے ۔سبسڈی کا بوجھ کم کرنے کی منصوبہ بندی کے تحت گزشتہ 5 مہینوں میں اس کی قیمت میں یہ چھٹا اضافہ ہوا ہے۔جیٹ ایندھن کی قیمت بھی 7.3فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔عالمی مارکیٹ میں قیمت بڑھنے کی وجہ سے گھریلو مارکیٹ میں یہ اضافہ کیا گیا ہے ۔دہلی میں گھریلو استعمال والے 14.2کیلو کے سبسڈی والے گیس سلنڈر کی قیمت اب 428.59روپے سے بڑھ کر 430.64روپے ہو گئی ہے۔اس کے ساتھ ہی بغیر سبسڈی والے گیس سلنڈر کی قیمت بھی 37.5روپے کا اضافہ کرکے اسے 529.50روپے فی سلنڈر کر دیا گیاہے ۔حکومت ہر خاندان کو سال میں 12سلنڈر سبسڈی پر فراہم کرتی ہے۔اس سے زیادہ سلنڈر کی کھپت ہونے پر بغیر سبسڈی والا سلنڈر فراہم کیا جاتا ہے جو کہ مارکیٹ کی شرح پر دستیاب ہوتا ہے۔عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے بڑھنے سے ہوائی جہاز ایندھن (اے ٹی ایف)کی قیمت اب دہلی میں 3434.25روپے یعنی 7.33فیصد بڑھ کر 50260.63روپے فی کلولیٹر ہو گئی ہے ۔یکم اکتوبر کے بعد ہوائی جہاز کے ایندھن کی قیمت میں یہ دوسرا اضافہ ہے۔وہیں گھریلو رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت میں جولائی کے بعد سے یہ چھٹا اضافہ ہے۔حکومت نے سبسڈی کا بوجھ کم کرنے کے لیے جولائی میں گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت میں ہر مہینے 2 روپے تک کا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔